02 جنوری ، 2025
بھارت کے شہر ممبئی میں بیٹی کیلئےکھانا آرڈر کرنے والی بزرگ خاتون ڈیڑھ کروڑ کے فراڈ کا شکار ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر فراڈ کا آغاز چند ہفتے قبل اس وقت شروع ہوا جب 78 سالہ بزرگ خاتون نے امریکا میں مقیم بیٹی کو کورئیر سروس کے ذریعے کھانا بھیجا۔
میڈیا رپورٹ کا بتاناہے کہ بذریعہ کورئیر سروس کھانا بھیجنے کے اگلے دن بزرگ خاتون کو کورئیر کمپنی سے ایک کال موصول ہوئی، کال پر موجود شخص نے خاتون پر الزام لگایا کہ ان کے کورئیر میں کھانے کے علاوہ غیر قانونی اشیا موجود تھیں۔
فراڈیے نے بزرگ خاتون کو بتایا کہ ان کے کورئیر میں آدھار کارڈ، میعاد ختم ہوئے پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈز اور غیر قانونی اشیاء سمیت 2ہزار امریکی ڈالر بھی موجود تھے اور اس سازش میں خاتون اکیلی نہیں بلکہ دو افراد اور بھی شامل ہیں جس کے بعد قانونی اہلکاروں کا روپ دھارے کئی افراد نے خاتون سے رابطہ کیا حتیٰ کہ پولیس کی وردیاں پہن کر ملزمان نے خاتون کو ویڈیو کالز بھی کیں اور ان کے وارنٹ گرفتاری بھی دکھائے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دباؤ میں آکر بزرگ خاتون نے ان ملزمان کو بینکنگ تفصیلات فراہم کردیں جس کے بعد فراڈیوں نے خاتون کے بینک اکاؤنٹس سے ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے۔
خاتون نے جب اس واقعے کا ذکر اپنے رشتے داروں سے کیا تو انھیں بتایا گیا کہ وہ سائبر فراڈ کا شکار ہوگئی ہیں جس کے بعد خاتون نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے تاہم ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔