03 جنوری ، 2025
پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ کرم میں اسلحہ جمع کرنے کے لیے فریقین 15 دنوں میں مربوط لائحہ عمل دیں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل کرم جانےوالے قافلے کے سفری اور حفاظتی انتظامات جاری ہیں، ایپکس کمیٹی کےفیصلے کےمطابق کرم کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائےگا اور اسلحہ جمع کرنے کے لیے فریقین 15 دنوں میں مربوط لائحہ عمل دیں گے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ کرم میں اسلحے کی آزادانہ نمائش اور استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ اسلحہ خریدنے کے لیے کرم میں چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ معاہدے کے مطابق کرم میں فریقین کے ہرقسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی، پہلےسے موجود بنکرز ایک ماہ میں ختم کیے جائیں گے اور بنکرز گرانے کے بعد لشکرکشی کرنے والےفریق کو دہشتگرد سمجھ کرکارروائی کی جائےگی۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا کہ پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ پر کل سے قافلہ چلانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے اور سڑکوں پر رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ضلع کرم کی صورتحال پر کوہاٹ میں جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا معاہدے پر پہنچنے کے لیے 50 نشستیں ہوئیں اور تمام فریقین نے اہم کردار ادا کیا۔