04 جنوری ، 2025
ائیرپورٹس سکیورٹی فورس ہیڈکوارٹرز نے اے ایس ایف کی سالانہ کارکردگی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران ملک بھر کے مختلف ائیرپورٹس پر کارروائیوں میں 29 کلوگرام ہیروئن ، 57 کلوگرام چرس اور 80 کلوگرام آئس ہیروئن کی مختلف ممالک کو اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے، ان منشیات کی مالیت 11 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد بنتی ہے۔
اس منشیات کی برآمدگی مسافروں کے سامان یا جسم سے ہوئیں جو کہ مہارت سے چھپائی گئی تھیں اور یہ برآمدگیاں اے ایس ایف کے مشاق مشین آپریٹرز کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹس سکیورٹی فورس نے 2024 کے دوران مختلف ائیرپورٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے 145 کلو گرام سونا بھی برآمد کیا اور سال 2024 کے دوران منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے بھی اےایس ایف کا کردار اہم رہا۔
جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق سال 2024 کے دوران مختلف ائیرپورٹس پر کارروائیاں کرکے 837 ملین روپے مالیت کی بیرونی ملکی کرنسی( جس میں امریکی ڈالر، یورو، سعودی ریال، آسٹریلین ڈالر، یوکے پاؤنڈ درہم ، ترک لیرا وغیرہ شامل ہیں )کی منی لانڈرنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔