05 جنوری ، 2025
کرم: ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کرنے والے 5 افراد کی شناخت ہوگئی۔
حکام کے مطابق ڈی سی کرم پر حملہ کرنے والے 5 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جس کے بعد کے پی حکومت نے پانچوں ملزمان اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کرم کی صورتحال پر رات گئے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقہ مکین معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے فوری گرفتار کیا جائے گا۔
اجلاس میں دہشتگردوں کا پوری قوت سے قلع قمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیاکہ کسی دہشت گرد سے نہ رعایت کی جائے گی نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔
خیال رہے کہ آج صبح لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کیلئے تین ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔