Time 11 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

لاس اینجلس میں آتشزدگی: ہالی وڈ فلموں کے پریمئیر، ٹی وی شوز سب متاثر

لاس اینجلس میں آتشزدگی: ہالی وڈ فلموں کے پریمئیر، ٹی وی شوز سب متاثر
آگ بجھانے پر مامور ہیلی کاپٹر مشہور ہالی وڈ سائن کے اوپر سے گزرتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس امریکا کی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کا مرکز ہے۔ 7 جنوری کو شہر کے مغربی حصے میں بھڑک اٹھنے والی آگ نے عام لوگوں کے ساتھ یہاں پنپتی ہالی وڈ انڈسٹری کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ 

اس آگ سے صرف اداکار اور ان کی رہائشگاہیں ہی متاثر نہیں ہوئیں بلکہ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے پیش کی جانے والی نامزدگیاں، فلموں کے پریمئیر اور دیگر ہالی وڈ تقریبات بھی مؤخر کردی گئی ہیں۔

دنیا بھر میں اہم تصور کیے جانے والے 97ویں اکیڈمی ایوارڈز کے نامزدگیوں کا اعلان جو 17 جنوری کو کیا جانا تھا اب 19 جنوری تک مؤخر کر دیا گیا ہے جبکہ نامزدگیوں کے لیے ووٹنگ کی تاریخ 14 جنوری تک دو دن کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔

اکیڈمی ایوارڈز کی نامزدگیاں ہی نہیں بلکہ ایوارڈز کی تقاریب میں سینٹا مونیکا میں ہونے والی ’کرٹکس چوائس ایوارڈز‘ کی تقریب بھی 12 جنوری کو ملتوی کرکے اب 26 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ پروڈیوسر گلڈ ایوارڈزکی فلم اور ٹی وی کیٹیگری کی نامزدگیوں کا اعلان 12 جنوری تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی رائٹرز گلڈ آف امریکا نے اپنے سالانہ ایوارڈز کی نامزدگیاں 9 جنوری سے 13 جنوری تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ ایوارڈز کی نامزدگیاں بہتر طریقے سے طے کی جاسکیں جبکہ 77 ویں رائیٹرز گلڈ ایوارڈز اپنے شیڈول کے حساب سے 15 فروری کو ہی منعقد کئے جائیں گے۔

کن ہالی وڈ فلموں کے پریمئرز ملتوی کئے گئے؟

9 جنوری کو نیویارک میں نیٹ فلکس کی فلم ’بیک ان ایکشن‘ کا پریمیئر منعقد ہونا تھا جسے منسوخ کر دیا گیا ہے، اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کیمرون ڈیاز 11 سال بعد جبکہ جیمی فاکس تقریباً 2 سال کے بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے تھے، اب یہ فلم 17 جنوری کو امریکا میں ریلیز کی جائے گی۔

آتشزدگی کی وجہ سے لاس اینجلس میں بھی کئی پریمیئرز منسوخ کر دیے گئے ہیں جن میں ’ان سٹاپ ایبل‘، ’وولف مین‘ اور ’دی لاسٹ شوگرل‘ کی ریڈ کارپٹ اسکریننگز شامل ہیں۔

ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز اور یونیورسل اسٹوڈیوز نے 9 جنوری کو ’ان سٹاپ ایبل‘ اور ’وولف مین‘ کے پریمیئرز منسوخ کر دیے تھے، ’ان سٹاپ ایبل‘، اینتھونی روبلز کے بارے میں ایک بایوگرافیکل ریسلنگ ڈراما ہے جس میں جھارل جیروم مرکزی کردار میں جینیفر لوپیز کے ساتھ دیکھے جائیں گے ، فلم کا عالمی پریمیئر ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں منعقد ہوا تھا۔

یونیورسل اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی ہارر فلم ’وولف مین‘ میں کرسٹوفر ایبٹ اور جولیا گارنر نے اداکاری کی ہے، یہ فلم گزشتہ سال اکتوبر میں ریلیز کی جانے والی تھی لیکن اب17 جنوری 2025 کو امریکا میں ریلیز کی جائے گی، فلم کا ہالی وڈ میں 7 جنوری کو ٹی سی ایل چائنیز  تھیٹر میں پریمیئر ہونا تھا، جو لاس اینجلس میں بھڑکنے والی آگ کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔

9 جنوری کے لیے ہالی وڈ کے چائنیز تھیٹر ملٹی پلیکس میں شیڈول ’دی لاسٹ شوگرل‘ کا پریمیئر بھی منسوخ کر دیا گیا تھا البتہ فلم آج امریکا میں ریلیز کردی گئی ہے۔ اداکارہ پامیلہ اینڈرسن کو اس فلم میں اپنی اداکاری پر کافی پذیرائی بھی مل رہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی امریکی فلم پروڈکشن اور ڈسٹریبیوشن کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرز کی فلم ’بیٹر مین‘ کا پرئیمیر بھی منسوخ کردیا گیا ہے، ’بیٹر مین‘ آج دنیا بھر میں ریلیز کی جانے والی تھی البتہ اس سے قبل فلم کو 25 دسمبر کو امریکا کے مخصوص تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا تھا۔

آتشزدگی کے باعث کن ٹی وی شوز کی شوٹنگ روک دی گئی؟

ٹی وی شوز کی بات کی جائے تو امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم میکس نے 8 جنوری کو ہونے والے مقبول ٹی وی شو ’دی پٹ‘ کا پریمیئربھی منسوخ کر دیا تھا ۔

اس کے علاوہ کچھ ایسے ٹی وی شوز جن کی شوٹنگ لاس اینجلس میں جاری تھی انہیں بھی روک دیا گیا ہے، ان شوز میں ’فال آؤٹ‘ کا سیزن 2، ’ایبٹ ایلمینٹری‘ اور ’گریز ایناٹمی‘ شامل ہیں۔

پروڈکشن کمپنی این بی سی یونیورسل کے تحت بننے والے شوز ’لوٹ‘، ’ٹیڈ‘، ’سوٹس: ایل اے‘، ’ہیپیز پلیس‘ اور’گولڈن گلوب وننگ ہیکس‘ کی شوٹنگ بھی معطل کر دی گئی ہے۔

ٹی وی چینل سی بی ایس پر نشر ہونے والے مشہور شو ’جمی ک<مل لائیو‘ کی شوٹنگ رک چکی ہے جبکہ  سی بی ایس کے گیم شو ’دی پرائس از رائٹ‘ اور رات دیر تک دکھائی جانے والی سیریز ’آفٹر مڈنائٹ‘ جیسے غیر اسکرپٹڈ شوز بھی پروڈکشن روک چکے ہیں اور ان کی جگہ ری پیٹ ٹیلی کاسٹ دکھائے جا رہے ہیں۔

’امریکا گاٹ ٹیلنٹ‘ نامی رئیلیٹی شو نے بھی انسٹاگرام پر اتوار کو ہونے والی آڈیشنز کو ملتوی کرکے نئے آڈیشن کی تاریخ جلد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :