Time 21 جنوری ، 2025
صحت و سائنس

روزانہ کتنے کپ چائے پینا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے؟

روزانہ کتنے کپ چائے پینا صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے؟
یہ مشروب دنیا بھر میں مقبول ہے / فائل فوٹو

چائے کو پاکستان میں بہت پسند کیا جاتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ افراد تو اسے ہر وقت پینا پسند کرتے ہیں۔

اس گرم مشروب کو پینے سے صحت کو متعدد فوائد ہوتے ہیں۔

چائے میں کیفین، فلورائیڈ اور فلیونولز سمیت متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔

مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ چائے پینے سے امراض قلب، ذیابیطس اور دیگر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مگر سوال یہ ہے کہ روزانہ کتنی مقدار میں چائے پینا محفوظ ہوتا ہے؟

ایک تخمینے کے مطابق چائے کے ایک کپ میں 40 ملی گرام کیفین موجود ہوتی ہے۔

کیفین سے ذہنی اور جسمانی طور پر الرٹ رہنے میں مدد ملتی ہے مگر اس کی زیادہ مقدار دل کی دھڑکن کی رفتار اور بلڈ پریشر کو بڑھا دیتی ہے، جس کے باعث تھکاوٹ کا احساس طاری ہوسکتا ہے۔

اسی طرح زیادہ چائے پینے سے جسم کو غذا میں موجود آئرن کو جذب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس مشروب کی زیادہ مقدار استعمال کرنے سے مخصوص ادویات کے اثرات بھی متاثر ہوتے ہیں۔

تو کتنے کپ چائے پینا بہتر ہوتا ہے؟

مختلف تحقیقی رپورٹس میں اس سوال کا جائزہ لیا گیا۔

کچھ رپورٹس میں روزانہ 2 سے 4 کپ چائے پینا محفوظ قرار دیا گیا جبکہ کچھ میں دعویٰ کیا گیا کہ 10 کپ روزانہ چائے پینے سے صحت کو نقصان نہیں ہوتا۔

تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 3 سے 5 کپ روزانہ چائے پینا بیشتر افراد کے لیے محفوظ ہوتا ہے۔

اس سے زیادہ مقدار کے استعمال سے منفی اثرات کا سامنا ہوسکتا ہے یا اس کا انحصار چائے میں موجود مرکبات پر جسمانی ردعمل پر ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :