26 جنوری ، 2025
بھارت میں بندر نے دھکا دیکر دسویں جماعت کی طالبہ کو چھت سے نیچے گرا دیا جس سے لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے گاؤں مگھر میں پیش آیا جہاں دسویں جماعت کی پریا کماری نامی طالبہ چھت پر موجود تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرد موسم کے باعث پریا چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھ رہی تھی کہ بندروں کا جھنڈ چھت پر آگیا جسے دیکھ کر وہ خوفزدہ ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق محلے والوں نے بندروں کو دیکھ کر شور مچایا تو لڑکی نے چھت سے بھاگ کر گھر میں جانے کی کوشش کی، اسی دوران بندر نے پریا کو زور سے دھکا مارا جس کی وجہ سے وہ چھت سے نیچے جا گری اور بری طرح زخمی ہوگئی۔
واقعے کا علم ہوتے ہی والدین نے پریا کو علاج کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹرز نے پریا کو مردہ قرار دیدیا اور موت کی وجہ سر اورکمر سمیت جسم کے دیگر حصوں پر آنے والی گہری چوٹیں بتائی گئیں۔
اس حوالے سے اہل علاقہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہوچکے ہیں اور بندروں کے حملوں سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔