Time 27 جنوری ، 2025
پاکستان

ملتان: انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس باؤزر میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 31 زخمی

ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرے باؤزر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایل پی جی باؤزر میں دھماکے سے آگ لگ گئی اور  باؤزر پھٹنے سے  ٹکڑے قریبی آبادی پر جا گرے۔

ریسکیو حکام  نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ بجھا دی گئی ، آگ بجھانے میں 10سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم بھی استعمال کی گئی۔

ملتان: انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس باؤزر میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 31 زخمی
فوٹو جیو نیوز

سی پی او  ملتان صادق علی کاکہنا ہے کہ گیس باؤزر دھماکے میں کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہے، علاقےکو خالی کرالیا ہے ، باؤزر دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ، 13 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی سمیت 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، دھماکےکی جگہ سے ملحقہ مکان سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی،دھماکے سے قریبی آبادیوں کے  20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ دھماکے سے جزوی طور پر 70 گھر متاثر ہوئے ہیں۔


ملتان: انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس باؤزر میں دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 31 زخمی
فوٹو جیو نیوز

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی  ہے اور ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق جائے حادثہ اور اطراف میں بجلی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی جبکہ ملتان مظفرگڑھ روڈ کو اب ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔


مزید خبریں :