Time 27 جنوری ، 2025
پاکستان

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری دیدی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری دیدی
بل پر بحث کے دوران جے یو آئی (ف) اور صحافتی تنظیموں نے مخالفت کی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

جیو نیوز کے مطابق سینیٹ کی  قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں پیکا ترمیمی بل پر بحث کے دوران جے یو آئی (ف)  اور صحافتی تنظیموں نے مخالفت کی۔ 

 جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ  پیکا ترمیمی بل اتنی جلدی میں کیوں منظور کیا جارہا ہے؟ اتنے کم وقت میں تو قانون پڑھا ہی نہیں جاسکتا، مشاورت کیا ہوگی۔ 

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بل میں بہت سی کمزوریاں ہیں، فیک نیوز کی تشریح نہیں ہے،کیسے فیصلہ ہوگا کہ فیک نیوز کیا ہے؟

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بہت اچھا ہوتا بل سے پہلے صحافیوں سے مشاورت کی جاتی مگر بل کی روح سے ہمیں اتفاق ہے، سوشل میڈیا کی صورت فیک نیوز کی بیماری کا علاج ضروری ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی سے درخواست کی کہ قومی اسمبلی سے منظور کردہ بل کو اسی صورت میں منظور کیا جائے، حکومت کچھ ترامیم بھی لائی ہے تاکہ اس قانون کا بہتر اطلاق ہوسکے۔ 

واضح رہے کہ پیکا ترمیمی بل اس سے قبل 23 جنوری کو   قومی اسمبلی سے بھی منظور کرلیا گیا تھا۔ 


مزید خبریں :