30 جنوری ، 2025
یوٹیوب کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے مسٹر بیسٹ (MrBeast) سمیت امریکی سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کی جانب سے ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے 20 ار ب ڈالرز سے زائد کی پیشکش کی گئی ہے۔
گروپ کی جانب سے امریکا میں ٹک ٹاک کے آپریشنز کو خریدنے کے لیے پیشکش کرنے والے Jesse Tinsley نے اس بارے میں بتایا۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس گروپ نے 2 مزید ٹیک چیف ایگزیکٹیوز کو سرمایہ کار کے طور پر اپنے ساتھ شامل کیا ہے۔
Jesse Tinsley نے بلومبرگ کو بتایا کہ ان کے گروپ کی پیشکش 20 ارب ڈالرز سے زائد کی ہے اور ٹک ٹاک کو خریدنے کی کوشش کرنے والے دیگر اداروں سے کافی زیادہ ہے۔
انہوں نے کسی کا نام تو نہیں لیا مگر ممکنہ طور پر ان کا اشارہ پراجیکٹ لبرٹی نامی گروپ کی جانب تھا جو امریکا میں ٹک ٹاک آپریشنز کو خریدنے کا خواہشمند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا گروپ براہ راست ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس سے رابطے میں نہیں۔
بائیٹ ڈانس کی جانب سے کافی عرصے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ امریکا میں ٹک ٹاک کو فروخت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
Jesse Tinsley نے بتایا کہ ہم براہ راست بائیٹ ڈانس سے رابطے میں نہیں اور اب تک ہماری پیشکش پر کوئی جواب نہیں ملا۔
واضح رہے کہ جب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی کو 75 دن کے لیے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے روکا گیا ہے، وہ مختلف بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ امریکا میں سوشل میڈیا ایپ کو اپنا کاروبار فروخت کرنا ہوگا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ بائیٹ ڈانس اور چینی حکومت کی جانب سے Jesse Tinsley کے گروپ کی پیشکش پر غور کیا جا رہا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب بائیٹ ڈانس کی جانب سے امریکا میں ٹک ٹاک کو پابندی یا فروخت سے بچانے کے لیے امریکی حکومت سے ایک معاہدے پر مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔