04 فروری ، 2025
بالی وڈ کی ماضی کی سپرہٹ اداکارہ اور حال ہی میں سنیاس (تارک الدنیا) لینے والی ممتاکلکرنی نے اپنے نیم عریاں فوٹو شوٹ پر خاموشی توڑ دی۔
90 کی دہائی میں بالی وڈ پر چھائی ہوئی ممتا کلکرنی حال ہی میں اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب وہ لمبے عرصے بعد بیرون ملک سے اپنے وطن لوٹیں، اس کے بعد انہوں نے سنیاس لیا جس کی وجہ سے وہ خبروں کی سرخیوں میں رہیں۔
اپنے مختصر کیرئیر کے دوران اداکارہ کئی تنازعات کا حصہ بنی رہیں جس میں بولڈ فوٹو شوٹس سے لے کر منشیات فروشوں اور انڈر ورلڈ سے ان کے مبینہ تعلقات تک شامل ہیں۔
حال میں سابقہ اداکارہ نے رجت شرما کے شو 'آپ کی عدالت' میں شرکت کی اور مختلف معاملات کے ساتھ ساتھ اپنے ایک پرانے نیم برہنہ فوٹو شوٹ پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
جب اداکارہ سے اسٹار ڈسٹ میگزین کے کورکے لیے اس فوٹو شوٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت نویں جماعت میں زیر تعلیم تھیں اور انہیں ہالی وڈ اداکارہ ڈیمی مور کی تصویر دکھائی گئی تھی جو انہیں نامناسب نہیں لگی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس وقت 'کنواری' تھیں ، یہ بات شاید بہت سے لوگوں کوہضم نہ ہو۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ نئے اداکار بالی وڈ میں داخل ہونے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، انہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ لوگ پیسے کے لیے یہ راستہ اختیار کر سکتے ہیں لیکن ان کے لیے ایسا نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھے بہت زیادہ سمجھ نہیں تھی اس لیے میں سمجھ نہیں پائی کہ عریانیت کیا ہوتی ہے، اگر آپ جنسی طور پر زیادہ آگاہ نہیں تو آپ عریانیت کو فحاشی سے نہیں جوڑیں گے۔
جب ممتا کلکرنی سے بولڈ شاعری پر ڈانس کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا مادھوری ڈکشٹ جیسی رقاصہ بھی شاعری پر توجہ نہیں دیتیں ان کی بنیادی توجہ ڈانس کے اسٹیپس پر مرکوز ہوتی ہے۔