09 فروری ، 2025
جوڈیشل کمیشن کے رکن و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
خط میں سینیٹرعلی ظفرنے جوڈیشل کمیشن اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی سینیارٹی کا معاملہ حل ہونے تک اجلاس مؤخرکیا جائے۔
خط کے متن کے مطابق ججز کی ٹرانسفرسے اسلام آباد ہائیکورٹ کی سینیارٹی لسٹ تبدیل ہوگئی، مناسب ہوگا کہ ججزکی سینیارٹی کا مسئلہ حل ہونے تک کمیشن اجلاس مؤخر کیا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے اگر اجلاس کرنا ہی ہے تو ٹرانسفر شدہ ججز کو زیرغور نہ لایا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں ججز تعیناتی کے معاملے پر 4 ججز نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھا تھا۔
جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ نے خط تحریر کیا تھا۔
خط میں 10 فروری کے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کو مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 10فروری کو شیڈول ہے، لاہور ہائی کورٹ میں ایک جج 15 ویں نمبر پر تھا، اسلام آباد تبادلے بعد سپریم کورٹ کےلیے اہل کیسے ہوگیا؟