Time 10 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی اسمارٹ فونز کے بارے میں حیران کن پیشگوئی

چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی اسمارٹ فونز کے بارے میں حیران کن پیشگوئی
ایک انٹرویو کے دوران سام آلٹمین نے اس بارے میں بات کی / فائل فوٹو

اوپن اے آئی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کے لیے کافی کام کیا جا رہا ہے اور اب کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے پیشگوئی کی ہے کہ بہت جلد اسمارٹ فونز کا عہد ختم ہو جائے گا۔

گزشتہ دنوں ایک انٹرویو کے دوران سام آلٹمین نے عندیہ دیا کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اسمارٹ فونز کے متبادل پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی کمپنی اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر چیٹ جی پی ٹی ہارڈ وئیر (آسان الفاظ میں ڈیوائسز) تیار کرنا چاہتی ہے۔

جاپانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اوپن اے آئی کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ شراکت داری کرکے ہم چیٹ جی پی ٹی اے آئی ہارڈ وئیر ڈیوائس تیار کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ معلوم نہیں کہ اس ڈیوائس کو کب تک متعارف کرایا جائے گا اور یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکے گی۔

اسمارٹ فونز کا عہد ختم کرنے کا عزم حیران کن ہے وہ بھی اس کمپنی کی جانب سے جس نے کبھی کوئی موبائل ڈیوائس تیار نہیں کی۔

مگر ایسا ناممکن بھی نہیں، 2007 میں ایپل نے آئی فون متعارف کرایا تھا جس کے بعد اسمارٹ فونز کا عہد شروع ہوا اور کی پیڈ سے لیس پرانے موبائل فونز کا استعمال نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔

اے آئی ٹیکنالوجی میں پیشرفت سے ایسا ممکن ہے، چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی چیٹ بوٹ نئی ڈیوائسز کا استعمال زیادہ بہتر بنا سکیں گے اور ہوسکتا ہے کہ صارفین کو اسکرینز کی ضرورت ہی نہ رہے۔

اوپن اے آئی واحد کمپنی نہیں جو اسمارٹ فونز کے عہد کے خاتمے کی بات کر رہی ہے، ایپل کی جانب سے بھی اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مبنی گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ڈیوائس لوگوں کو آئی فونز بھولنے پر مجبور کر دے گی۔

ایپل کے مقابلے میں اوپن اے آئی کی حکمت عملی مختلف ہونے کا امکان ہے اور چیٹ جی پی ٹی اے آئی ڈیوائس کیسی ہوگی، اس کے لیے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :