Time 18 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کا دنیا کا سب سے اسمارٹ اے آئی ماڈل متعارف کرانیکا دعویٰ

ایلون مسک کا دنیا کا سب سے اسمارٹ اے آئی ماڈل متعارف کرانیکا دعویٰ
مگر یہ نیا اے آئی ماڈل ایکس کو مفت استعمال کرنے والوں کو دستیاب نہیں ہوگا / رائٹرز فوٹو

ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل گروک 3 متعارف کرایا ہے۔

درحقیقت ایلون مسک کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک دنیا میں متعارف کرائے جانے والا سب سے اسمارٹ اے آئی چیٹ بوٹ ہے، جس کا مقابلہ دیگر چیٹ بوٹس نہیں کرسکتے۔

انہوں نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ گروک 3 پہلے سے زیادہ طاقتور اور تیز رفتار ہے اور اسے طویل تربیت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس نئے ماڈل سے آپ کو وقت بچانے میں مدد ملے گی، ابھی جو کام ویب یا سوشل میڈیا پر آدھے سے ایک گھنٹے میں ہوتا ہے، وہ گروک 3 کے ذریعے 10 منٹ میں ممکن ہوسکے گا۔

ایکس اے آئی کے مطابق گروک 3 سابقہ ماڈل گروک 2 سے 10 گنا زیادہ طاقتور ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا کہ گروک 3 کارکردگی کے لحاظ سے اس وقت دستیاب دیگر چیٹ بوٹس بشمول چیٹ جی پی ٹی 4o، گوگل جیمنائی 2 پرو اور ڈیپ سیک وی 3 سے زیادہ بہتر ہے۔

اس نئے اے آئی ماڈل کو ایکس اے آئی کے سپر کمپیوٹر Colossus نے تیار کیا ہے جسے دنیا کے چند بڑے سپر کمپیوٹرز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔

ایلون مسک نے بتایا کہ اگر آپ گروک 3 کو استعمال کریں تو آپ روزانہ کی بنیاد میں اس میں بہتری کو محسوس کریں گے کیونکہ ہم مسلسل اسے بہتر بنا رہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق گروک 3 کے بعد گروک 3 منی کو بھی متعارف کرایا جائے گا مگر اس میں محدود فیچرز دستیاب ہوں گے۔

البتہ گروک 3 منی گروک 2 کے مقابلے میں زیادہ برق رفتاری سے سوالات کے جواب دے گا۔

اس نئے چیٹ بوٹ کو ایکس اے آئی نے 2024 میں متعارف کرانا تھا مگر ایسا نہ ہوسکا۔

اب یہ ہر ماہ 22 ڈالرز فیس ادا کرنے والے ایکس کے پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب ہوگا، جس کے لیے انہیں پہلے ایکس کے نئے ورژن کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

ایکس اے آئی کی جانب سے ماہانہ 30 ڈالرز پر مبنی سپر گروک سبسکرپشن بھی متعارف کرائی ہے۔

مزید خبریں :