Time 19 فروری ، 2025
کھیل

29 سال بعد پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی، افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے آج، 21 فروری اور یکم مارچ کوکھیلے جانے والے میچز کےلیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا، اسٹیڈیم آنے والے شائقین نیشنل کوچنگ سینٹراور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔

کار ساز سے آنے والے فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچیں گے۔ ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10سے حسن اسکوائر جاسکے گی جبکہ پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکے گی۔

کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے اپیل کی ہے کہ شائقین گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑک یا سروس روڈ پر کھڑی نہ کریں،  شائقین کرکٹ گاڑیاں مختص مقام پر ہی پارک کریں۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی: 

ایونٹ کے افتتاحی روز پاک ائیر فورس شیر دل شو کا شاندار مظاہرہ کرے گی۔  صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت قذافی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد کرلیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، چیئرمین پی سی بی نے  تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت  کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 29 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد باعث افتخار ہے،ایونٹ کا شاندار انعقاد یقینی بنا کر پاکستان کی عزت بڑھائیں گے۔

کپتان محمد رضوان کی گفتگو:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے لئے پُرعزم ہیں جن کا کہنا ہے کہ پندرہ کے پندرہ کھلاڑی کپتان ہیں، جیت کےلیے نیوزی لینڈ سے اچھا کھیلنا ہوگا۔ ایک سوال پرکہا کہ بابر اعظم ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں، اننگز وہی اوپن کریں گے۔

2017 سے اب تک بہت کچھ بدل چکا ہے: بابر اعظم

پاکستان کے ماسٹر بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ2017 سے اب تک بہت کچھ بدل چکا ہے لیکن ان کا عزم وہی ہے، ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طویل عرصے بعد آئی سی سی ایونٹ ہو رہاہے، ہر کوئی پرجوش ہے، 2017 کی بہترین یادوں میں فخر زمان کی سنچری، محمد عامر کا اسپیل اور میچ کے آخری لمحات ہیں۔

مزید خبریں :