Time 19 فروری ، 2025
صحت و سائنس

دہی کھائیں اور جوان افراد میں تیزی سے پھیلنے والے امراض سے خود کو بچائیں

دہی کھائیں اور جوان افراد میں تیزی سے پھیلنے والے امراض سے خود کو بچائیں
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ڈپریشن اور انزائٹی ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں، خاص طور پر جوان افراد۔

ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اچھی خبر یہ ہے کہ روزانہ دہی کھانے کی عادت آپ کو ڈپریشن اور انزائٹی سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔

یہ بات سنگاپور میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ڈیوک این یو ایس میڈیکل اسکول اور نیشنل نیورو سائنس انسٹیٹیوٹ کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ ہمارے معدے میں موجود جراثیم انزائٹی اور دیگر دماغی امراض کا شکار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں چوہوں پر کیے جانے والے تجربات میں معدے میں موجود جراثیموں اور انزائٹی سے جڑے رویے کے درمیان اہم تعلق دریافت کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ معدے میں موجود جرثومے indoles نامی جز بناتے ہیں جو انزائٹی سے جڑی دماغی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے میں براہ راست کردار ادا کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق دہی اور خمیر والی غذاؤں میں موجود پرو بائیوٹیکس سے معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹیریا اور دیگر جرثوموں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے جس سے انزائٹی اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ اس دریافت سے دماغی صحت کو بہتر بنانے کے لیے پروبائیوٹیکس پر مبنی ادویات کی تیاری میں مدد ملے گی۔

تحقیق کے دوران کیے جانے والے کلینیکل ٹرائلز میں دریافت کیا گیا کہ معدے میں موجود جرثومے، ہماری غذائی عادات اور دماغی افعال کے درمیان تعلق موجود ہے۔

محققین نے بتایا کہ اگر لوگوں کو تناؤ، انزائٹی یا ڈپریشن جیسے مسائل کا سامنا ہے تو دہی کا استعمال ان کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ای ایم بی او مالیکیولر میڈیسن میں شائع ہوئے۔

کچھ عرصے قبل بھی ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں معدے میں موجود بیکٹیریا کی ایک قسم اور ڈپریشن کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :