Time 18 فروری ، 2025
صحت و سائنس

رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں؟ تو اس سے مرتب ہونے والے عجیب اثر کو جان لیں

رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں؟ تو اس سے مرتب ہونے والے عجیب اثر کو جان لیں
ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا / فائل فوٹو

کیا آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں؟ اگر ہاں تو اس عادت کا ایک عجیب نقصان سامنے آیا ہے۔

درحقیقت رات گئے تک جاگنے والوں کے مقابلے میں رات کو جلدی سونے اور صبح جلد اٹھنے والے افراد چیلنجز کا سامنا آسانی سے کرلیتے ہیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برٹش میڈیکل جرنل مینٹل ہیلتھ کی تحقیق میں یہ دلچسپ انکشاف کیا گیا کہ صبح جلد جانے والے افراد کے اندر اپنی ذاتی اہمیت کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد کی ذہنی صحت اور شخصیت رات گئے تک جاگنے والوں کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 49 ہزار سے زائد افراد سے 2 برسوں کے دوران ہونے والے درجنوں سرویز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

یہ سرویز مارچ 2020 سے مارچ 2022 کے دوران ہوئے تھے اور تحقیق میں دیکھا گیا کہ سونے جاگنے کے اوقات اور ذہنی صحت کے درمیان کیا تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر صبح جلد جاگنے کے معمول کا تسلسل برقرار رکھا جائے تو اس سے پورے دن مثبت جذبات کو برقرار رکھنے میں ممکنہ مد ملتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد جلد جاگنے کے عادی ہوتے ہیں، ان کی جانب سے زندگی پر زیادہ اطمینان ظاہر کیا جاتا ہے، وہ زندگی میں زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں جبکہ ڈپریشن کے شکار ہونے پر علامات کی شدت زیادہ سنگین نہیں ہوتی۔

اس کے ساتھ ساتھ صبح جاگنے پر انہیں اپنی ذاتی اہمیت کا بہت زیادہ احساس ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اس کے مقابلے میں رات گئے تک جاگنے والے افراد کی ذہنی صحت متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ ان کا مزاج بھی اکثر چڑچڑا رہتا ہے۔

تحقیق میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ سونے جاگنے کے اوقات سے یہ اثرات کیوں مرتب ہوتے ہیں مگر محققین نے خیال ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر متعدد عناصر اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

جیسے صبح جلد جاگنے پر سورج کی روشنی میں زیادہ وقت تک گھومنے کا موقع ملتا ہے، نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے جبکہ عزم بھی بڑھتا ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2022 میں امریکا کی Rutgers یونیورسٹی کی تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ صبح جلد اٹھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے جسم کی چربی کو توانائی کے لیے گھلانے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔

اس کے مقابلے میں جو لوگ صبح جلد جاگتے ہیں، ان کے جسم توانائی کے لیے چربی پر زیادہ انحصار کرتے ہیں اور یہ افراد رات گئے تک جاگنے والوں کے مقابلے میں دن میں زیادہ متحرک بھی ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے والے افراد میں چربی زیادہ آسانی سے جمع ہوجاتی ہے۔

مزید خبریں :