20 فروری ، 2025
ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور ایوبیہ میں برفباری ریکارڈ کی گئی جب کہ گلیات کے بالائی مقامات پر6 سے 8 انچ تک برف پڑچکی ہے۔
اس کے علاوہ استور میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہے، دیر ، مالم جبہ، میاندم اور کالام میں بھی برفباری سے سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیر شہر میں 3 انچ ، لواری ٹنل اور اطراف میں اب تک ایک فٹ سے زائد ، سیاحتی مقام کمراٹ میں ایک فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، مختلف علاقوں برفباری شروع ہوتے ہی بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی ہے۔
مری آنیوالوں کیلئے ایڈوائزری جاری
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سےسیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
ڈی سی مری کے مطابق سیاح مری اورگلیات کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال معلوم کرلیں،مکینیکلی اچھی گاڑی میں سفر کریں، پیٹرول کاٹینک فُل رکھیں،کھانے پینے کی اشیاء اور خشک میوہ جات ہمراہ رکھیں، گاڑی چھوٹے گیئرمیں چلائیں، سنوچین کا استعمال کریں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے غلط پارکنگ سے گریز کریں اور دوران ڈرائیونگ ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے اجتناب کریں۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ24گھنٹوں تک مری میں مزید بارش اور برفباری کاامکان ہے، بارش اور برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوسکتی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔
ادھر ریلیف کمشنر کی جانب سے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13فیسیلٹیشن مراکز قائم ہیں، شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اےکی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔