20 فروری ، 2025
واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد افراد کرتے ہیں اور اس پر اکثر صارفین کو میسجز کی بھرمار کا سامنا ہوتا ہے۔
درحقیقت بیشتر افراد کے لیے واٹس ایپ کے تمام پیغامات کو پڑھنا کافی مشکل ہوتا ہے جن میں سے زیادہ تر ان کے لیے غیرضروری ہوتے ہیں۔
اس سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے ایک سیٹنگ کی آزمائش کی گئی تھی جس کے ذریعے آپ تمام ان ریڈ (unread) میسجز کو خودکار طور پر کلیئر کرسکتے تھے۔
پھر اس پر کام روک دیا گیا تھا مگر اب اس فیچر کی آزمائش دوبارہ شروع کی گئی ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں یہ فیچر دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی او ایس ڈیوائسز میں واٹس ایپ کی نوٹیفکیشن سیٹنگز میں کلیئر بیج کے نام سے ایک نئے آپشن کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس آپشن کے نیچے لکھا ہے کہ اسے ان ایبل کرنے پر جب بھی آپ ایپ کو اوپن کریں گے تو ہوم اسکرین بیج مکمل طور پر کلیئر ہو جائیں گے، آسان الفاظ میں ان ریڈ میسجز کلیئر ہوجائیں گے۔
اس فیچر کا مقصد ہوم اسکرین میں میسجز کی بھرمار سے پیدا ہونے والی الجھن کو ختم کرنا ہے تاکہ صارفین کو اس انزائٹی کا سامنا نہ ہو کہ انہیں درجنوں میسجز پڑھنے ہیں۔۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو ممکنہ طور پر آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس فیچر سے ان صارفین کو زیادہ فائدہ ہوگا جو متعدد واٹس ایپ گروپس کا حصہ ہیں اور ان کے لیے تمام میسجز کو پڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔
اس طریقہ کار سے انہیں وقت بچانے کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ ان باکس کو منظم رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔