09 فروری ، 2025
واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک ایسے بہترین فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کی کمی وہ ہمیشہ سے محسوس کرتے تھے۔
wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین اپنے فوٹوز یا ویڈیو البمز کے کیپشن کو ایڈٹ کرسکیں گے۔
جی ہاں واقعی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین جب دوستوں کے ساتھ البم شیئر کریں گے تو اس کے کیپشن کو البم سینڈ کرنے کے بعد بھی ایڈٹ کرکے تبدیل کرسکیں گے۔
ابھی جب آپ واٹس ایپ چیٹ میں کسی البم کو سینڈ کرتے ہیں تو پھر اس کے کیپشن کو ایڈٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے سنگل ٹیکسٹ میسجز کے مقابلے میں البمز کو مختلف انداز سے ہینڈل کیا جاتا ہے۔
سنگل ٹیکسٹ میسج کو آپ سینڈ کرنے کے بعد مخصوص وقت تک ایڈٹ کرسکتے ہیں مگر البمز میں اب تک یہ آپشن دستیاب نہیں تھا۔
یعنی اگر آپ البمز کو شیئر کرتے وقت کیپشن میں کوئی غلطی کرتے ہیں یا کچھ اہم بات شامل کرنا بھول جاتے ہیں تو پورے البم کو ڈیلیٹ کرکے اسے دوبارہ بھیجنا پڑتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اب واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے نیا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نئے فیچر کے تحت صارفین البم سینڈ کرنے کے بعد 15 منٹ تک کسی بھی وقت کیپشن کو شیئر کرسکیں گے۔
اگر انہیں کوئی غلطی نظر آتی ہے یا وہ کوئی نئی بات کیپشن میں ایڈ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پورا البم ڈیلیٹ کرکے دوبارہ شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق صارفین کو کافی عرصے سے اس فیچر کا انتظار تھا اور آخرکار اب وہ اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔