13 فروری ، 2025
واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔
ایسے ہی ایک نئے فیچر کو جلد میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کا حصہ بنایا جارہا ہے جو صارفین کو گروپ چیٹس کو آرگنائز کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظررکھنے والی سائٹ wabetainfo کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر ابھی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں شامل کیا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے آپ واٹس ایپ گروپس میں اپنے لیے لیبلز استعمال کرسکیں گے۔
رپورٹ میں شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ آپ اپنے ساتھ ساتھ گروپ کے تمام ممبرز کے لیے بھی لیبلز کا استعمال کرسکتے ہیں۔
مگر جب آپ کسی گروپ ممبر کے لیے لیبلز کا استعمال کریں گے تو وہ صرف اسی گروپ میں کام کرے گا، دیگر مشترکہ گروپس میں اس فرد کے لیے الگ سے لیبلز کا استعمال کرنا ہوگا۔
جب کسی گروپ میں آپ اپنے لیے کسی لیبل کا استعمال کریں گے تو وہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک آپ اسے بدل نہیں دیتے، چاہے آپ واٹس ایپ کو دوبارہ ہی ری انسٹال کیوں نہ کریں۔
آپ ان لیبلز سے جان سکیں گے کہ کسی واٹس ایپ گروپ چیٹ میں کسی رکن کا کردار کیا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کو بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔