Time 23 فروری ، 2025
صحت و سائنس

روزانہ کچھ دیر چیونگم چبانے کے بہترین فوائد جانیں

روزانہ کچھ دیر چیونگم چبانے کے بہترین فوائد جانیں
چیونگم جیسی چیز کا استعمال صدیوں سے ہو رہا ہے / فائل فوٹو

کیا آپ نے یہ سنا ہے کہ چیونگم کو نگل لیا جائے تو وہ معدے میں کئی سال تک موجود رہتی ہے؟

اگر ہاں تو یہ جان لیں کہ یہ بات بالکل غلط ہے، اگرچہ چیونگم کو نگلنے کا مشورہ تو نہیں دیا جاسکتا، مگر غلطی سے ایسا ہو جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

مگر اس سے ہٹ کر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چیونگم جیسی چیز کا استعمال صدیوں سے ہو رہا ہے۔

قدیم یونان میں ایک مخصوص درخت کی رال کو چیونگم کی طرح چبایا جاتا تھا، البتہ موجودہ عہد میں اسے زیادہ بہتر طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔

چیونگم چبانے سے درحقیقت صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

جی ہاں واقعی چیونگم چبانے کی عادت کے فوائد درج ذیل ہیں۔

منہ خشک ہونے کے مسئلے سے نجات

چیونگم چبانے سے لعاب دہن زیادہ بنتا ہے جس سے مختصر وقت کے لیے خشک منہ کے مسئلے سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے۔

سینے میں جلن سے تحفظ کے لیے مفید

چیونگم چبانے سے لعاب دہن زیادہ بنتا ہے جس سے غذائی نالی میں موجود ایسڈز میں توازن پیدا ہوتا ہے او رسینے میں جلن کی علامات کی شدت گھٹ جاتی ہے۔

کیلوریز جلانا ممکن ہوتا ہے

چیونگم کو چبانے سے ہر گھنٹے میں اوسطاً 11 کیلوریز کو جلانا ممکن ہوتا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس تعداد میں اضافہ ہوتا ہے، یعنی اکثر چیونگم چبانے سے جسمانی وزن میں کسی حد تک کمی آسکتی ہے۔

یادداشت کے لیے بھی مفید

چیونگم چبانے سے دماغ کی جانب سے خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے جس سے یادداشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

غنودگی یا تھکاوٹ کو دور بھگانا ممکن

اگر آپ تھکاوٹ یا غنودگی کی وجہ سے پریشان ہیں تو کچھ دیر چیونگم چبانے سے ذہنی مستعدی میں اضافہ ہوتا ہے۔

متلی سے نجات

اگر متلی کی وجہ سے پریشان ہیں تو چیونگم چبانے سے فائدہ ہوسکتا ہے کیونکہ اسے چبانے سے لعاب دہن زیادہ بنتا ہے، خاص طور پر گاڑی میں سفر کے دوران متلی یا سر چکرانے کے مسئلے سے بچنے کے لیے چیونگم کو چبانا مفید ثابت ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :