26 فروری ، 2025
چند دنوں سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بالی وڈ کے نامور اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا 37 سال کی شادی کے بعد طلاق کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا اور سنیتا نے شادی سے قبل ایک عرصہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا اور پھر شادی کی جب کہ گووندا جب سنیتا سے ملے تھے تو وہ فلم انڈسٹری کا حصہ نہیں بنے تھے۔
گووندا نے فلم انڈسٹری میں 1986 میں فلم 'لو 86' سے ڈیبیو کیا تھا، فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی ان کی ملاقات اداکارہ نیلم کوٹھاری سے ہوئی اور گووندا نے انٹرویوز میں نیلم کے لیے اپنا دل ہارنے کا اعتراف کیا تھا۔
تاہم ایک مرتبہ گووندا نے معروف اداکارہ نیلم کوٹھاری کی محبت میں گرفتار ہونے کے بعد سنیتا آہوجا سے منگنی توڑ دی تھی لیکن مختصر وقت کی علیحدگی کے بعد سنیتا نے گووندا صلح کرلی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ نیلم سے شادی کرنا چاہتے تھے اور سنیتا سے اپنی منگنی بھی توڑ دی تھی جب کہ اس حقیقت سے نیلم انجان تھیں۔
1990 کے ایک انٹرویو میں گووندا نے نیلم کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیلم وہ عورت ہیں جن کے لیے کوئی بھی مرد اپنا دل ہار بیٹھے، ہم نے ایک ساتھ بہت سی فلمیں بنائیں، ہم اکثر ملتے تھے اور جتنا زیادہ میں اس سے بات کرتا اسے جانتا اور میری محبت اس کے لیے مزید بڑھتی جاتی، وہ ایسی عورت تھی جس کے لیے کوئی بھی مرد اپنا دل کھو بیٹھتا تھا، میں نے اپنا دل کھودیا۔
رپورٹس کے مطابق سنیتا کے ساتھ گووندا کے تعلقات فلم انڈسٹری کے اندر ایک راز تھے لیکن سنیتا واقف تھیں کہ گووندا نیلم کو پسند کرتے ہیں، گووندا نے سنیتا سے نیلم کی تعریف کرنے کا اعتراف کیا اور یہاں تک کہ سنیتا کو نیلم کی طرح بننے مشورہ دیا جس سے ان کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا۔