27 فروری ، 2025
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد کہا کہ اس جیت پر ٹیم اور افغانستان کا ہر فین خوش ہے، ہماری ٹیم نے پچھلے دو سال کے دوران بتا دیا کہ ہمارے کھیل میں پہلے سے کافی بہتری آگئی ہے۔
بدھ کو افغانستان نے گروپ بی کے اہم میچ میں انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر اسے چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم آخری اوور میں 317 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ وہ اس جیت سے بہت خوش ہیں اور ابراہیم زادران کی 177 رنز کی اننگز کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اننگز میں سے ایک قرار دیا۔
حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ بطور ٹیم ہم خوش ہیں۔ ہماری قوم بھی اس جیت پر خوش ہوگی۔ اگلے میچ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے 2023 میں پہلی بار انگلینڈ کو ہرایا تھا۔ ہم دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا میچ دباؤ والا تھا۔ ہم نے اسے اچھی طرح کنٹرول کیا۔ میں نتیجے سے خوش ہوں۔ انگلینڈ کے خلاف جیت آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بڑا اعتماد فراہم کرے گی۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ امید ہے کہ ہم جیت کا تسلسل آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی برقرار رکھیں گے۔ وہ میچ فیصلہ کرے گا کہ کون سیمی فائنل میں جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے چیمپئنز ٹرافی میں آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔