28 فروری ، 2025
بالی وڈ کے سپر اسٹار گووندا اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق کی خبریں زیرِ گردش ہیں جب کہ سنیتا آہوجا کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ سنیتا نے 6 ماہ قبل ہی اداکار سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا ماضی میں دوسری شادی کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق اداکار کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے جس میں وہ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ہوسکتا ہے میں دوسری شادی کرلوں کیونکہ یہ میری کُنڈلی میں ہے۔
اسٹارڈسٹ کے ساتھ ایک انٹرویو میں گووندا نے بتایا تھا کہ وہ کس طرح ساتھی اداکارہ نیلم کے ساتھ پیار کرتے ہیں۔
گووندا نے نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے سنیتا سے شادی اپنے وعدے کو نبھانے کے لیے کی تھی، نہ کہ محبت سے کی۔
گووندا نے کہا تھا کہ 'مستقبل کون جانتا ہے، ہوسکتا ہے مجھے دوبارہ کسی سے محبت ہوجائے اور ہو سکتا ہے کہ میں اس سے شادی کرلوں لیکن سنیتا کو اس کے لیے تیار رہنا چاہیے، تب ہی میں آزاد محسوس کروں گا'۔
اس کے علاوہ گووندا نے ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ اور دیویا بھارتی کے لیے بھی پسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ایسی خواتین ہیں جن کے لیے مشکل ہے کہ کوئی لڑکا محبت میں گرفتار ہونے سے بچ سکے۔