10 مارچ ، 2025
ڈپریشن ایک پیچیدہ ذہنی مرض ہے جس کے شکار افراد اکثر اداس رہتے ہیں جبکہ ہر وقت بے بسی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔
مگر ڈپریشن محض 'دماغ' تک محدود رہنے والا مرض نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم بھی متاثر ہوتا ہے۔
یہ ایک ایسا دماغی مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ ڈپریشن سے بچنا یا اس کی شدت میں کمی لانا بھی بہت آسان ہے۔
روزانہ ایک مالٹے یا کسی ترش پھل کا استعمال ڈپریشن سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ویسے تو کہا جاتا ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانا آپ کو ڈاکٹروں سے دور رکھتا ہے، اس میں حقیقت ہے یا نہیں مگر روزانہ ایک مالٹے کا استعمال ڈپریشن کو آپ سے دور رکھ سکتا ہے۔
اس تحقیق میں 30 ہزار سے زائد خواتین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور دریافت ہوا کہ جو خواتین ترش پھلوں کا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ایک مالٹا کھانے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ترش پھلوں کے استعمال سے معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے جو ورم کی روک تھام کرتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے دماغ میں سیروٹونین اور ڈوپامائن کی سطح بھی بڑھتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہم یہ تو نہیں کہتے کہ یہ پھل ڈپریشن کے مریضوں کے لیے علاج ثابت ہوسکتے ہیں مگر ان سے اس عام دماغی مرض سے متاثر ہونے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں صرف خواتین کو شامل کیا گیا تھا تو اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ ہماری غذا ہمارے مزاج پر اثرانداز ہوتی ہے اور مالٹے یا دیگر ترش پھلوں کے استعمال سے کوئی مضر اثرات بھی مرتب نہیں ہوتے تو ان کا روزانہ استعمال عادت بنالینا چاہیے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Microbiome میں شائع ہوئے۔