Time 16 فروری ، 2023
صحت و سائنس

ڈپریشن کو ہمیشہ آپ سے دور رکھنے والے آسان طریقے

جسمانی ورزش ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی لاتی ہے / فائل فوٹو
جسمانی ورزش ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی لاتی ہے / فائل فوٹو

ڈپریشن ایک ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ ڈپریشن سے بچنا یا اس کی شدت میں کمی لانا بھی بہت آسان ہے۔

درحقیقت جسمانی ورزش ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی لاتی ہے جبکہ مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ضروری نہیں کہ اس مقصد کے لیے جم کا رخ کیا جائے بلکہ چند عام اور آسان ورزشیں بھی ڈپریشن کو آپ سے دور رکھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔

ایسی ورزشوں کے بارے میں جانیں جو جسم کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کو بھی فائدہ پہنچاتی ہیں۔

چہل قدمی

چہل قدمی کرنے کے لیے کسی خرچے کی ضرورت نہیں اور اس کو دن میں کسی بھی وقت کرنا ممکن ہے۔

چہل قدمی کرنے سے تناؤ میں کمی آتی ہے، انزائٹی کی علامات کی شدت کم ہوتی ہے اور منفی خیالات سے نجات ملتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ محض 15 منٹ کی چہل قدمی کرنے سے ڈپریشن کا خطرہ 26 فیصد کم ہو جاتا ہے۔

جاگنگ

اگر چہل قدمی کی بجائے ذرا سخت ورزش کرنا چاہتے ہیں تو جاگنگ کو آزما کر دیکھیں۔

جب ہم دوڑتے ہیں تو ہمارے دماغ میں اینڈروفن نامی ہارمون کی مقدار بڑھتی ہے جس سے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جاگنگ کرنے سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے جس سے بھی ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مسلز بنانے والی ورزشیں

مسلز بنانے کے ساتھ ساتھ یہ ورزشیں دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوتی ہیں۔

ان ورزشوں سے ڈپریشن کے شکار ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے یا ڈپریشن سے متاثر ہونے پر علامات کی شدت میں کمی آتی ہے۔

اس کے لیے ضروری نہیں جم جائیں گھر میں بھی ڈمبلز سے ایسی ورزشیں کی جاسکتی ہیں۔

یوگا

یوگا کرنے کی عادت سے بھی دماغی صحت بہتر ہوتی ہے۔

یوگا کے دوران نظام تنفس پر توجہ مرکوز کرنے سے دماغ کے لیے نقصان دہ چیزوں جیسے منفی خیالات سے نجات ملتی ہے۔

یوگا کے متعدد آسن ہوتے ہیں تو آپ اپنی پسند کے کسی بھی آسن کو منتخب کرسکتے ہیں۔

رقص کرنا

اگر رقص کو ورزش کے طور پر کرتے ہیں تو اس سے انزائٹی میں نمایاں کمی آتی ہے جبکہ خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

رقص کی متعدد اقسام ہیں اور سب ہی صحت کے لیے مفید ہیں۔

ضروری نہیں کہ سب کے سامنے رقص کیا جائے، اکیلے رقص کرکے بھی آپ دماغی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :