19 مارچ ، 2025
پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے شروع کے دنوں میں دانش تیمور کے والد یعنی اداکارہ کے سُسر انہیں خرچہ دیتے تھے۔
عائزہ خان پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ایک باصلاحیت اور خوبرو اداکارہ ہیں ، سوشل میڈیا پر مقبول عائزہ مختلف تنازعات سے دور ہی رہتی ہیں اور انہیں ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی خاصی شہرت حاصل ہے۔
اب حال ہی میں عائزہ خان نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس کی میزبانی کے فرائض ان کے شوہر اداکار دانش تیمور اور میزبان رابعہ انعم نبھا رہی تھیں۔
شو کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے عائزہ خان نے انکشاف کیا کہ دانش سے شادی کے کچھ عرصے بعد تک میرے سسر مجھے ماہانہ خرچہ دیا کرتے تھے۔
وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ سسر چیک کی صورت میں خرچہ دیتے تھے اور مہینے کے اختتام پر حساب بھی لیا کرتے تھے کہ پیسے کہاں خرچ کیے؟
عائزہ نے انکشاف کیا کہ دانش تیمور کے تمام مالی معاملات ان کے والد دیکھتے ہیں۔
اس پر اداکار دانش تیمور نے بتایا کہ جب سے میں نے کمانا شروع کیا ہے میں ہر چیک والد کے حوالے کر دیتا ہوں، یہ ان کی مرضی ہوتی ہے کہ وہ ان پیسوں کو بینک میں جمع کروا دیں یا استعمال کر لیں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ میں اس لیے ایسا کرتا ہوں تاکہ میرے والد کے ذہن میں یہ کبھی نہ آئے کہ اگر میں نے کمانا چھوڑ دیا ہے تو اب مجھے بیٹے سے پیسے مانگنا پڑیں گے۔