23 مارچ ، 2025
ترکیہ: استنبول کی عدالت نے بدھ کو حراست میں لیے گئے میئر اکرم امام اولو کے بدعنوانی کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرکے جیل بھیج دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد ترک وزارت داخلہ نے اکرم اولو کو باضابطہ طور پر استنبول کے میئر کے عہدے سے بھی ہٹا دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اکرم امام اولو پر دہشتگردی سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں تاہم انہیں صرف مالی بدعنوانی سے متعلق الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اکرم امام اولو نے اپنے حامیوں سے ملک گیر احتجاج کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب اکرم امام اولو کی اپوزیشن جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی کے صدارتی پرائمری انتخاب میں ہزاروں افراد صدارتی امیدوار کے لیے اکرم امام اولو کو ووٹ دینے پہنچ گئے۔
اکرم امام اولو کی گرفتاری کے خلاف ترکیے کے مختلف شہروں میں 4 روز سے مظاہرے جاری ہیں اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 300 سے زائد افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔