Time 25 مارچ ، 2025
دنیا

سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اس جانور کو غزہ جنگ سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟

سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اس جانور کو غزہ جنگ سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟
جنگلی بلی کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر— فوٹو: سوشل میڈیا

سوشل میڈیا اور بالخصوص عرب صارفین میں ان دنوں کرکل (caracal) نامی جنگلی بلی بہت مقبول ہورہی ہے اور اسے غزہ جنگ سے بھی جوڑا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز مصر کی سرحد کے قریب اسرائیل کے زیر قبضہ صحرائے نقب  (نیگیو) میں جبل حریف کے علاقے میں ایک جنگلی بلی نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ واقعہ زیر بحث آ گیا۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، مذکورہ جانور کو بعد ازاں اسرائیل کی نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی کے ایک افسر نے پکڑ کر ایک وائلڈ لائف اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔

 
سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اس جانور کو غزہ جنگ سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟
جنگلی بلی کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر— اسکرین گریب/ ایکس

عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصروں اور میمز کی وجہ بن گیا اور کچھ صارفین نے تو اس جنگلی بلی کو ’حماس کا رکن‘ قرار دیا جبکہ دیگر نے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب قرار دیا۔ 

بعض مصری اور عرب سوشل میڈیا صارفین نے اس جنگلی بلی کو مزاحمت کی علامت کے طور پر پیش کیا اور اسے مصری سپاہی محمد صلاح سے تشبیہ دی جس نے 2023 میں مصر اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اس جانور کو غزہ جنگ سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟
جنگلی بلی کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر— فوٹو: سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر اس جنگلی بلی کی مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں جن میں اسے فلسطینی پرچم کے ساتھ یا اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بعض صارفین نے مذاق میں کہا کہ اسرائیل اس واقعے کے بعد ’ہزاروں جنگلی بلیوں کو گرفتار کر لے گا‘۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اسرائیلی فوجی جنگلی حیات کے حملے کا نشانہ بنے ہیں، گزشتہ سال مئی میں غزہ میں ایک اسرائیلی ٹینک  اتفاقی طور پر بھڑوں کے چھتے پر چڑھ گیا تھا جس کے بعد بھڑوں کے حملے میں 12 فوجی شدید زخمی ہوگئے تھے۔ 


مزید خبریں :