جرائم

کراچی کارساز پر ریس لگاتی کار نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا

کراچی میں کارساز کے قریب شاہراہ فیصل عین افطار کے وقت تیز رفتار گاڑِ ی کی ٹکر سے موٹر سائِیکل سوار میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

میاں بیوی کی شناخت اقصیٰ اور ایاز کے نام سے ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دو گاڑیاں ائیر پورٹ کی جانب سے ریس لگاتی ہوئی آرہی تھیں،کارساز کے مقام پر سفید گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری اور آگے جاکر گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوگیا جس پر شہریوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا۔

جائے وقوع پر موجود لوگوں نے ٹکر مارنے والی گاڑی میں سوار شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ مشتعل عوام نے گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

جائے حادثے پر کار کی ٹکر سے بال بال بچنے والی فیملی کا بتانا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا، میں بیوی بچوں کے ساتھ گزر رہا تھا، ہم کار سے بال بال بچے۔

حادثے میں جاں بحق میاں بیو ی کورنگی کے رہائشی تھے، جاں بحق خاتون اقصیٰ  کے والد کا کہنا ہےکہ بیٹی کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ اسکول ٹیچر تھی۔

پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور علیق کو گرفتار کرلیا گیا اورحادثہ کار سوار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے بتایاکہ ٹکر مارنے والی گاڑی میں 4 افراد سوار تھے جن میں سے 3 فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 220 ہوگئی۔

مزید خبریں :