28 مارچ ، 2025
اگر آپ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو محض 5 منٹ ایک مخصوص ورزش کے لیے نکال کر آپ اپنی صحت کو نمایاں حد تک بہتر بنا سکتے ہیں۔
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Edith Cowan یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ eccentric ورزشیں کرنے سے دن بھر بیٹھ کر گزارنے سے صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 5 منٹ تک ایسی ورزشیں جیسے سیڑھیاں چڑھنے سے صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں متعدد افراد کو شامل کرکے دیکھا گیا تھا کہ گھر میں کی جانے والی عام ورزشوں جیسے سیڑھیاں چڑھنے یا اترنے سے جسمانی اور ذہنی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں شامل افراد کو 4 ہفتوں تک مختلف ورزشیں کرائی گئیں جیسے وال پش اپ، کرسیوں پر اٹھنے بیٹھنے، سیڑھیاں چڑھنے اور دیگر جن میں مسلز سست روی سے کھچتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ ہم نے مسلز کی مضبوطی، لچک، مضبوطی اور ذہنی صحت میں نمایاں بہتری کو دیکھا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ روزانہ چند منٹ کی ورزش سے بھی زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ عام ورزشوں سے بھی جسمانی فٹنس کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور اس طرح کی ورزشیں کرنا بیشتر افراد کے لیے آسان ہوتا ہے اور انہیں جم جانے کی بھی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ورزشوں کو دن میں کسی بھی وقت آسانی سے کیا جاسکتا ہے اور روزمرہ کی سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہوتیں۔
محققین کے مطابق عمر میں اضافے کے ساتھ جسمانی فٹنس میں ہر سال ایک سے 2 فیصد تک کمی آتی ہے اور 50 سال کی عمر کے افراد کی فٹنس 30 سال کی عمر کے مقابلے میں 20 فیصد تک گھٹ چکی ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ورزشوں کو معمول بنانا بہت ضروری ہے خاص طور پر درمیانی عمر کے افراد کے لیے، تاکہ دائمی امراض انجریز اور ذہنی امراض کا خطرہ کم ہو سکے۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف اپلائیڈ فزیولوجی میں شائع ہوئے۔