Time 26 مارچ ، 2025
صحت و سائنس

چیونگم چبانا پسند کرتے ہیں؟ تو اس سے ہونے والے ایک حیرت انگیز نقصان کے بارے میں جان لیں

چیونگم چبانا پسند کرتے ہیں؟ تو اس سے ہونے والے ایک حیرت انگیز نقصان کے بارے میں جان لیں
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

چیونگم کھانا بیشتر افراد کو پسند ہوتا ہے مگر اس عادت کے ایک عجیب نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

چیونگم کے ذریعے ہمارے جسم کے اندر پلاسٹک کے ننھے ذرات چلے جاتے ہیں۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چیونگم کے ایک ٹکڑے کو چبانے سے ہی لعاب دہن میں پلاسٹک کے ہزاروں یا لاکھوں ننھے ذرات کا اخراج ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ پلاسٹک کے ننھے ذرات ہر جگہ موجود ہیں یعنی خوراک، پانی اور ہوا، وہ ہر جگہ موجود ہیں۔

درحقیقت ایک تخمینے کے مطابق ہم ہر ہفتے ایک کریڈٹ کارڈ کے حجم کے برابر ذرات ہضم کر جاتے ہیں اور چیونگم بھی اس کا ایک ذریعہ ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہمارا مقصد کسی کو ڈرانا نہیں کیونکہ ابھی تک سائنسدان یہ نہیں جان سکیں کہ پلاسٹک کے ننھے ذرات ہمارے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے اب تک انسانوں پر کوئی کلینیکل ٹرائل بھی نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مگر ہم یہ جانتے ہیں کہ روزمرہ کی زندگی میں پلاسٹک کے ذرات بہت زیادہ عام ہوتے ہیں۔

پلاسٹک کے ذرات کھانے اور ہوا کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے ہیں اور اب تک انہیں جسم کے متعدد حصوں بشمول خون، پھیپھڑوں، دماغ اور دیگر دریافت کیا جاچکا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ محققین یہ جاننا چاہتے تھے کہ یہ ذرات کن کن ذرائع سے جسم کے اندر پہنچتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیونگم واحد غذائی شے ہے جس کے اجزا میں پلاسٹک پولیمر کو بھی استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ دیگر غذاؤں میں پلاسٹک کے ذرات دیگر طریقوں سے شامل ہوتے ہیں۔

تحقیق کے دوران امریکا میں مقبول چیونگم کے 10 برانڈز کو کو شامل کیا گیا۔

ایک فرد کو ایک چیونگم 4 منٹ تک چبانے کے لیے کہا گیا اور اس دوران ہر 30 سیکنڈ کے بعد لعاب دہن کا نمونہ اکٹھا کیا گیا۔

4 منٹ بعد ان افراد کو خالص پانی سے 3 سے 5 بار کلیاں کرنے کا کہا گیا اور ان کلیوں کے نمونوں کو بھی اکٹھا کیا گیا۔

کچھ افراد کو چیونگم 20 منٹ تک چبانے کی ہدایت کی گئی اور ہر 2 منٹ بعد لعاب دہن کے نمونے کے اکٹھے کیے گئے۔

نتائج سے انکشاف ہوا کہ ہر ایک گرام چیونگم چبانے سے اوسطاً پلاسٹک کے 100 ننھے ذرات کا اخراج ہوتا ہے جبکہ کچھ چیونگم کی اقسام کے ایک گرام ٹکڑے سے تو 637 ذرات خارج ہوتے ہیں۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ایک گرام کی بجائے زیادہ تر افراد زیادہ بڑی چیونگم چبانا پسند کرتے ہیں۔

اسی طرح 94 فیصد پلاسٹک کے ذرات چیونگم چبانے کے اولین 8 منٹ کے دوران خارج ہوتے ہیں۔

محققین کے مطابق ابھی ہم نہیں جانتے کہ چیونگم سے خارج ہونے والے ذرات سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس حوالے سے تحقیق کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :