31 مارچ ، 2025
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نےکہا ہےکہ پیپلز پارٹی نہریں نکالنے کی مخالف نہیں ہے، پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نہریں نکالنےکی مخالف نہیں ہے، پیپلز پارٹی کو نہروں پرتحفظات ہیں، بات چیت ہو رہی ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اعلان کریں کہ کینالز منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے، دریائےسندھ ہماری زندگی ہے، وفاق کو ہماری بات ماننی پڑےگی، ہمارے پاس وفاقی حکومت کوگرانےکی طاقت ہے۔
کراچی میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کینالز صرف سندھ کا معاملہ نہیں یہ صوبوں کی ہم آہنگی کامعاملہ ہے، وزیراعظم اس معاملےکو ختم کرنے کے لیے اعلان کریں کہ وفاق منصوبےکی حمایت نہیں کرےگا، اگر وزیراعظم اعلان نہیں بھی کرتے تو ہم سندھ کے عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ ہماری زندگی ہے، وفاق کوہماری بات ماننی پڑے گی، اپوزیشن والے چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت ختم ہوجائے، مگر ہم اپنےانداز میں بات کر رہے ہیں، ہم کینالزکسی صورت بننے نہیں دیں گے، ہمارے پاس وفاقی حکومت کوگرانےکی طاقت ہے مگر ہم اپوزیشن کےکہنے پر نہیں کریں گے۔