Time 08 اپریل ، 2025
صحت و سائنس

رات کو سونے سے قبل اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں؟ تو آپ کو یہ جان لینا چاہیے

رات کو سونے سے قبل اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں؟ تو آپ کو یہ جان لینا چاہیے
ایک تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا / فائل فوٹو

نیند صحت کے لیے بہت اہم ہوتی ہے مگر پھر بھی بیشتر افراد مناسب وقت تک سوتے نہیں۔

متعدد عناصر نیند کے معیار اور دورانیے پر اثر انداز ہوتے ہیں مگر اب ایک اہم وجہ سامنے آئی ہے جو آپ کو نیند کی کمی کا شکار بناتی ہے۔

موجودہ عہد کے بیشتر افراد کی عام ترین عادت یعنی سونے کے وقت اسمارٹ فون کا استعمال کرنے سے لوگوں کی نیند کا معیار ناقص ہوتا ہے جبکہ وہ نیند کی کمی کا بھی سامنا کرتے ہیں۔

یہ بات ناروے میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نارویجن انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اسمارٹ فون کے سامنے گزارے جانے والے وقت میں ہر ایک گھنٹے کے اضافے سے بے خوابی کے عارضے کا خطرہ 59 فیصد جبکہ نیند کے دورانیے میں اوسطاً 24 منٹ تک کمی آتی ہے۔

اس تحقیق میں 18 سے 28 سال کی عمر کے 45 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور اسکرینوں سے جڑی ہر طرح کی سرگرمیوں اور نیند پر مرتب اثرات کے درمیان تعلق کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں ان افراد کی سرگرمیوں جیسے سوشل میڈیا کے استعمال، ٹی وی اور فلموں کو دیکھنے، گیمنگ، موسیقی یا پوڈ کاسٹ کو سننے یا اسکرین پر کچھ پڑھنے کو ٹریک کیا گیا تھا۔

محققین نے بتایا کہ ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں اکثر کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے نیند پر اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ اسکرینوں کا ہر طرح کا استعمال نیند کو متاثر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیند کی کمی سے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، موٹاپے، ڈپریشن، ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل فرنٹیئرز ان سائیکاٹری میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :