06 اپریل ، 2025
ایسا کہا جاتا ہے کہ اچھی جسمانی اور دماغی صحت کے لیے روزانہ ورزش کرنا ضروری ہے مگر کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جو ہفتے میں ایک یا 2 دن ہی ایسا کر پاتے ہیں۔
تو کیا ہفتے میں ایک یا 2 دن ورزش کرنے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟
اس کا جواب ہے ہاں، اس عادت سے صحت کو روزانہ ورزش کرنے جتنا ہی فائدہ ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے بالغ افراد کو ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ تک معتدل جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے کا مشورہ دیا ہے اور روزانہ کچھ وقت کے لیے ایسا کرنا چاہیے، مگر اکثر افراد کے لیے روزمرہ کی مصروفیات کے باعث ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے۔
Nevada یونیورسٹی کی تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 دن تک 150 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں کو اپنانے سے صحت کو کیا فائدہ ہوتا ہے۔
اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 دن تک ورزش کرنے سے دماغ اور دل کی صحت کو روزانہ ورزش کرنے جتنا ہی فائدہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 93 ہزار سے زائد افراد کی صحت اور ورزش کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان میں سے 97 فیصد افراد کی اوسط عمر 62 سال تھی اور ان افراد سے جسمانی سرگرمیوں کے 7 دن کا ڈیٹا وئیرابل فٹنس ٹریکرز کے ذریعے حاصل کیا گیا۔
اس ڈیٹا کی بنیاد پر ان افراد کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
پہلا گروپ ایسے افراد کا تھا جو ورزش نہیں کرتے تھے۔
دوسرا گروپ ایسے افراد کا تھا جو ہفتے میں ایک یا 2 بار 150 منٹ تک ورزش یا جسمانی سرگرمیوں کا حصہ بنتے تھے۔
تیسرا گروپ ورزش کو معمول بنانے والے افراد پر مشتمل تھا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا اور دریافت ہوا کہ جسمانی طور پر متحرک دونوں گروپس میں ورزش نہ کرنے والوں کے مقابلے میں جلد موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے بھی جلد موت کا خطرہ اتنا ہی کم ہوتا ہے جتنا روز ورزش کرنے سے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ یا ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے ہر قسم کی وجہ بشمول امراض قلب اور کینسر سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ورزش کرنے والوں میں قبل ازوقت موت کا خطرہ 26 فیصد، امراض قلب کا 24 فیصد اور کینسر کا 13 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
حیران کن طور پر ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے والوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ 33 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح امراض قلب کا خطرہ 31 اور کینسر کا امکان 21 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار تیز رفتاری سے طویل چہل قدمی، جاگنگ، کرکٹ یا فٹبال کھیلنا اور سیڑھیاں چڑھنے جیسی سرگرمیوں سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔