Time 07 اپریل ، 2025
صحت و سائنس

ڈپریشن جیسا مرض بہت زیادہ عام ہونے کی اہم ترین وجہ دریافت

ڈپریشن جیسا مرض بہت زیادہ عام ہونے کی اہم ترین وجہ دریافت
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

ڈپریشن ایک پیچیدہ ذہنی مرض ہے جس کے شکار افراد اکثر اداس رہتے ہیں جبکہ ہر وقت بے بسی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔

مگر ڈپریشن محض 'دماغ' تک محدود رہنے والا مرض نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم بھی متاثر ہوتا ہے۔

ڈپریشن کے شکار افراد کے لیے ان سرگرمیوں میں دلچسپی ختم ہو جاتی ہے جن میں انہیں دلچسپی ہوتی ہے جبکہ منفی خیالات کا غلبہ رہتا ہے۔

اب تک ماہرین یہ جاننے میں ناکام رہے ہیں کہ لوگوں کو اس بیماری کا سامنا کیوں ہوتا ہے۔

مگر اب انہوں نے ایک اہم ممکنہ وجہ کو دریافت کیا ہے اور وہ ہے فضائی آلودگی۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Harbin میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی کا طویل عرصے تک سامنا کرنے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ آلودہ فضا میں روز سانس لینے سے صرف پھیپھڑوں کو ہی نقصان نہیں پہنچتا بلکہ مزاج پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں 45 سال سے زائد عمر کے افراد کی صحت کا جائزہ 7 سال تک لیا گیا اور یہ دیکھا گیا کہ فضائی آلودگی کی 6 عام اقسام سے دماغی صحت پر کس طرح کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق سلفر آکسائیڈ سے ڈپریشن کا خطرہ سب سے زیادہ بڑھتا ہے جبکہ کاربن مونو آکسائیڈ اور ننھے آلودہ ذرات بھی دماغی صحت کے مسائل کا شکار بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ تمام اقسام کی فضائی آلودگی کے امتزاج کی زد میں رہنے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق فضائی آلودگی سے ممکنہ طور پر مرکزی اعصابی نظام پر تکسیدی تناؤ اور ورم کے باعث اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Environmental Science and Ecotechnology میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :