Time 10 اپریل ، 2025
دنیا

امریکا نے روش نہ بدلی تو آخر تک لڑیں گے، چین کا ٹیرف کے معاملے پر امریکا کو انتباہ

امریکا نے روش نہ بدلی تو  آخر تک لڑیں گے، چین کا ٹیرف کے معاملے پر امریکا کو انتباہ
اپنی ذمہ داریاں ثابت قدمی سے نبھائیں گے، غیر یقینی صورتحال کے خلاف مؤثر اقدامات کریں گے: چینی وزارت تجارت۔ فوٹو فائل

چین نے ٹیرف کے معاملے پر امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے واشنگٹن نے روش نہ بدلی تو آخری حد تک لڑیں گے۔

چینی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ چین کی غیر ملکی تجارت کو درپیش چیلنجز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم چین کی غیر ملکی تجارت کی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں آئی، اپنی ذمہ داریاں ثابت قدمی سے نبھائیں گے، غیر یقینی صورتحال کے خلاف مؤثر اقدامات کریں گے۔

ترجمان چینی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ چین غیر ملکی تجارت خطرات، چیلنجز سےنمٹنےکی صلاحیت رکھتی ہے، چین کا مؤقف واضح اور مستقل ہے کہ بات چیت کادروازہ کھلا ہے، مگربات چیت باہمی احترام اور برابری کی بنیادپرہونی چاہیے، بلیک میلنگ، دباؤ، دھمکیاں چین سے نمٹنے کا درست طریقہ نہیں ہے۔

چینی وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے امریکا نے روش نہ بدلی تو آخر تک لڑیں گے، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، تحفظ پسندی یک طرفہ راستہ ہے۔

تجارتی جنگ

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے جانے والے اس ٹیرف نے خاص طور پر چین اور امریکا کے مابین سخت تجارتی جنگ کا آغاز کردیا۔

لبریشن ڈے ٹیرف کے بعد چین پر عائد مجموعی امریکی ٹیرف 54 فیصد ہوگیا تھا جس کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر 34 فیصد ٹیرف عائد کرنے اور امریکا پر دیگر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چین کے اعلان کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر چین نے 34 فیصد ٹیرف واپس نہ لیا تو امریکا چین پر عائد ٹیرف کو بڑھا کر 104 فیصد کردے گا، چین پر یہ 104 فیصد ٹیرف گزشتہ روز نافذ ہوا۔

اب چین نے امریکا کے 104 فیصد ٹیرف کے جواب میں امریکی مصنوعات کی در آمد پر عائد ٹیرف بڑھا کر 84 فیصد کرنے اور ساتھ ہی مزید تجارتی پابندیوں کا اعلان کیا جس کے جواب میں اب امریکا نے چین پر عائد تجارتی ٹیرف مزید بڑھا کر 125 فیصد کردیا ہے۔


مزید خبریں :