11 اپریل ، 2025
انسٹا گرام کی جانب سے ایک دلچسپ فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس کے ذریعے صارفین ریلز ویڈیوز کو ایک سیکرٹ کوڈ کے ذریعے لاک کرسکیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ انسٹا گرام میں صارفین کا اپنے مداحوں سے رابطے کا ایک منفرد ذریعہ ہوگا۔
اس طریقے سے وہ اپنی خصوصی ریلز ویڈیوز صرف ان افراد سے شیئر کرسکیں گے جو ان کے زیادہ قریب ہوں گے۔
میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کی جانب سے اس فیچر کو اس کے ڈیزائن اکاؤنٹ میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
اس اکاؤنٹ پر ایک لاک ریل کو شیئر کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے صارفین کو اکاؤنٹ میں دیے گئے سراغ کے مطابق ایک سیکرٹ کوڈ کا اندراج کرنا ہوگا۔
یہ سراغ پوسٹ کے کیپشن کے پہلے ہیش ٹیگ تھریڈز میں دیا گیا ہے یا یوں کہہ لیں کہ تھریڈز اس کا سیکرٹ کوڈ ہے۔
درست کوڈ کا اندراج کرنے پر صارفین ریل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کو برانڈز کی جانب سے نئی مصنوعات کی تشہیر کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے یا صارفین اسے اپنے فالوورز سے رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ اگر سیکرٹ کوڈ کا اشارہ پوسٹ کے کیپشن میں دیا جائے گا تو ریل ویڈیو کو سیکرٹ کوڈ میں لاک کرنے کا مقصد کیا ہوگا۔
ویسے یہ فیچر انسٹا گرام کے ایک اور فیچر Reveal سے ملتا جلتا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی اسٹوری کو فالوورز سے چھپا سکتے ہیں اور اس تک رسائی ڈائریکٹ میسج کے ذریعے ہوتی ہے۔