Time 14 اپریل ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

چیٹ جی پی ٹی اسکرین لیس فون کی تیاری میں اہم پیشرفت

چیٹ جی پی ٹی اسکرین لیس فون کی تیاری میں اہم پیشرفت
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے ایپل کے سابق ڈیزائن چیف جونی آئیو اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کی مشترکہ کمپنی آئی او پراڈکٹس کو خریدنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

اس کمپنی کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی منفرد ڈیوائسز بشمول اسکرین لیس فون کی تیاری کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق اسکرین لیس فون کسی روایتی فون جیسا نہیں ہوگا۔

جونی آئیو اور سام آلٹمین نے 2024 میں شراکت داری کی تھی اور ان کا بنیادی مقصد ایک وائس ایکٹیو اے آئی اسسٹنٹ کو تیار کرنا تھا۔

یہ پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور حتمی کانسیپٹ کو تیار نہیں کیا جاسکا۔

اس کمپنی کی خریداری سے ہٹ کر اوپن اے آئی اور آئی او پراڈکٹس کی جانب سے شراکت داری کے آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کمپنی کو خریدنے سے اوپن اے آئی کو نہ صرف ٹیکنالوجی تک رسائی ملے گی بلکہ وہ ماہرین کی ٹیم کو بھی ڈیوائس کی تیاری کا حصہ بنا سکے گی۔

جونی آئیو نے 2019 میں ایپل کو خیرباد کہا تھا اور پھر اپنی ڈیزئننگ کمپنی لو فرام قائم کی۔

پھر انہوں نے سام آلٹمین کے ساتھ ملکر کمپنی قائم کی جس کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کمپیوٹنگ ڈیوائس تیار کرنا تھا۔

اس سے قبل فروری 2025 میں ایک انٹرویو کے دوران سام آلٹمین نے عندیہ دیا تھا کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اسمارٹ فونز کے متبادل پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی کمپنی اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر چیٹ جی پی ٹی ہارڈ وئیر (آسان الفاظ میں ڈیوائسز) تیار کرنا چاہتی ہے۔

جاپانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اوپن اے آئی کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی۔

نہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ شراکت داری کرکے ہم چیٹ جی پی ٹی اے آئی ہارڈ وئیر ڈیوائس تیار کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ معلوم نہیں کہ اس ڈیوائس کو کب تک متعارف کرایا جائے گا اور یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکے گی۔

مزید خبریں :