16 اپریل ، 2025
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر میں سابق ویمن کرکٹر کائنات امتیاز 10 ماہ کی بیٹی کے ساتھ کمنٹری میں مصروف ہیں۔
کائنات امتیاز نے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کائنات امتیاز نے کہا کہ بیٹی کے ہمراہ مشکل ضرور ہورہی ہے لیکن سب ممکن بھی ہے کیونکہ ہمارے پاس کئی ایک مثالیں ہیں، کرکٹر بسمہ معروف بیٹی کے ساتھ 2 سال کرکٹ کھیلتی رہی ہیں اور میں اب کمنٹری کررہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 10 ماہ کی بیٹی ہے، روئے گی تو سہی لیکن اس کے والد ساتھ موجود ہوتے ہیں، میری فیملی سپورٹ بہت مضبوط ہے، شوہر بہت ساتھ دے رہے ہیں، آخر ان کی بھی بیٹی ہے، کبھی کبھار میری والدہ میرے ساتھ ہوتی ہیں، فیملی سپورٹ ہو تو کوئی بھی قربانی دی جا سکتی ہے اور کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
کائنات امتیاز کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں کمنٹری کر رہی ہوں اور میری والدہ امپائرنگ، اس سے اچھا کیا لمحہ ہوگا، میری والدہ نے اپنا کیرئیر بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے، انہوں نے یہاں ون ڈے ڈیبیو کیا ہے، اس سے قبل انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں امپائرنگ ڈیبیو کیا وہ میرے لیے بڑی انسپائرنگ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے بعد کمنٹری نیا کیرئیر ہے، ابھی میں بہت کچھ سیکھ رہی ہوں، میں اور میری بیٹی دونوں جدو جہد کررہی ہیں لیکن میں کمنٹری کیرئیر سے بہت لطف اندوز ہو رہی ہوں۔