18 اپریل ، 2025
کراچی: پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) میں افسر نے اپنے گھر کے سامان کی شفٹنگ کے لیے عملے کو استعمال کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی این ایس سی کا تکنیکی عملہ 3 دن افسرکےگھرکے سامان کی شفٹنگ میں لگارہا جس میں پلمبر اور اے سی ٹیکنیشن سمیت 12 ملازمین افسرکے گھر کی شفٹنگ کا کام کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق افسر کی جانب سے ایک سال میں گھر کی یہ تیسری شفٹنگ ہے، تینوں مرتبہ کارپوریشن کا عملہ وگاڑیاں استعمال ہوئیں جب کہ عملے کو اوور ٹائم دینے کےلیے پی این ایس سی کی شیٹس بھری گئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عملے سے 10 ماہ قبل ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے گھر کی شفٹنگ بھی کروائی گئی، تکنیکی عملے کو افسران کے گھروں کے پنکھے اور چھوٹے فالٹس دورکرنےکے لیے بھی بھیجا جاتا ہے۔
اس حوالے سے اپنا موقف دیتے ہوئے ترجمان پی این ایس سی نے کہا کہ جنرل مینیجر نے چالان بھرکرگاڑیاں استعمال کیں، اعلیٰ حکام نے مینیجر ورکشاپ سمیت افسر سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ترجمان پی این ایس سی نے کہا کہ مجوزہ طریقہ کارکےمطابق گاڑیاں لی جاتی ہیں، ملازمین کی خدمات لی جائیں توان کو معاوضہ بھی دیا جاتا ہے۔