02 مارچ ، 2012
کراچی…محمد رفیق مانگٹ…ترکی نے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر عبداللہ گل اور ترکمانستان کے صدر گربنگولی نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئیایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیاہے۔انہوں نے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے جس میں ترکی نے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت کے قدرتی گیس پائپ لائن کے مجوزہ منصوبے کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور ترکمانستان کی گیس کو متبادل راستوں سے بیرون ملک لے جانے کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ترکمان اور ترکی حکام نے اقتصادی معاملات ، ٹیکنالوجی، تعلیم، اور دہشت گردی اور منظم جرائم سمیت سنگین جرائم کے خلاف مقدمہ چلانے جیسے مسائل میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے ۔2011 میں ترکمان ترک تجارت 4 بلین امریکی ڈالرتک پہنچ چکی ہے جو2010سے25فی صد زیادہ ہے۔