12 مئی ، 2025
ممتاز امریکی دفاعی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 7 مئی کو پاک بھارت افواج کی فضائی جھڑپ پاکستان کی واضح کامیابی پر ختم ہوئی ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر دفاعی ماہرین کا گمان تھا کہ عددی طاقت اور وسائل کی وجہ سے بھارت کا پلڑا بھاری رہے گا، مگر 7 مئی کی فضائی جھڑپ میں پاکستان کی بالادستی سب کو نظر آئی ہے۔
جریدے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فضائی جھڑپ کے بعد پاکستان کی جانب سے بڑی کامیابیوں کے اعلانات کیے گئے، جس کی بھارتی افواج کی جانب سے کوئی تردید نہیں کی گئی اور تردید نہ کرنے کی وجہ سے بھارت کی پوزیشن مشکوک ہوتی ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان نے چین کے جے 10 سی طیاروں اور پی ایل 15 میزائلوں سے 5 بھارتی طیارے مار گرائے جن میں انتہائی مہنگے اور طاقتور سمجھے جانے والے فرانسیسی ساختہ 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
جریدے کے مطابق پاک بھارت فضائی جھڑپ نے مغرب کو پیغام دیا ہے کہ چینی ٹیکنالوجی کو کم نہ سمجھا جائے۔