19 مئی ، 2025
ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایک بہت بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جس کا کچھ عرصے پہلے تک تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون صارفین کو وائس اسسٹنٹ سیری کو کسی اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ سے تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ آئی فونز میں سیری کا استعمال ایک دہائی سے زائد عرصے سے ہو رہا ہے اور ابھی اسے تبدیل کرنا ناممکن ہے۔
مگر رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے صارفین کو چیٹ جی پی ٹی یا گوگل جیمنائی کو سیری کی جگہ استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں وضاحت کی گئی کہ ایپل کو ابھی بھی آئی فونز میں اے آئی فیچرز کو بڑے پیمانے میں متعارف کرانے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ کمپنی صارفین کی پرائیویسی کو محفوظ بنانے کی خواہشمند ہے اور لارج لینگوئج ماڈلز کی تربیت کے لیے صارفین کے ڈیٹا کو اکٹھا کرکے استعمال کرنے کی وجہ سے یہ کام مشکل ثابت ہو رہا ہے۔
اسی طرح ایپل انٹیلی جنس کو متعارف کرانے کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ایپل کی جانب سے تھرڈ پارٹی اے آئی اسسٹنٹس کو آئی فونز میں سیری کی جگہ لینے کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے خاص طور پر چیٹ جی پی ٹی کو۔
البتہ یہ واضح نہیں کہ ایسا کب تک ہونے کا امکان ہے کیونکہ کمپنی کو یورپی یونین کے قوانین کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔