Time 20 مئی ، 2025
صحت و سائنس

معدے کیلئے تباہ کن وہ عام غذا جو آج کل بیشتر افراد کو پسند ہے

معدے کیلئے تباہ کن وہ عام غذا جو آج کل بیشتر افراد کو پسند ہے
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

اگر آپ اکثر فاسٹ یا جنک فوڈ کھانے کے عادی ہیں تو پھر معدے کے مختلف امراض کا سامنا ہونے پر پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

درحقیقت زیادہ چربی اور نمک والی غذاؤں کا استعمال معدے کی صحت پر فوری منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل امیونٹی میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض چند بار فاسٹ فوڈ کے استعمال سے ہی جسم میں ورم بڑھ جاتا ہے اور بتدریج دائمی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

یہ دنیا کی پہلی ایسی تحقیق ہے جس میں ثابت کیا گیا کہ فاسٹ فوڈ کا استعمال معدے کی صحت پر کتنی تیزی سے منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج سے بہت اہم پیشرفت ہوئی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کونسی چیز دائمی ورم کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس سے ہماری معدے کی صحت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے ورم کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے اور بتدریج معدے کا دفاع کمزور ہو جاتا ہے اور دائمی ورم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق ابتدا میں ورم کا اجتماع خاموشی سے ہوتا ہے اور برسوں بعد اس کی علامات سامنے آنا شروع ہوتی ہیں۔

تحقیق کے دوران ماہرین معدے کی صحت میں آنے والی مائیکرو اسکوپک تبدیلیوں کا جائزہ لینے میں بھی کامیاب رہے۔

انہوں نے چوہوں پر تجربات کیے اور دریافت ہوا کہ محض چند بار زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے ہی معدے کی صحت متاثر ہونے لگتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بغیر کسی انتباہی علامات کے بھی ورم بننے لگتا ہے اور مستقبل میں دائمی ورم کا سامنا ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے معدے میں آئی ایل 22 نامی اہم پروٹین بننے کا عمل گھٹ جاتا ہے اور یہ پروٹین معدے میں ورم کو کنٹرول کرنے کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے لوگوں میں شعور اجاگر ہوگا اور غذائی عادات میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کرنا آسان ہو جائے گا۔

مزید خبریں :