16 مئی ، 2025
کینسر ایک ایسا جان لیوا مرض ہے جو بہت تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ جوان افراد (50 سال سے کم عمر) میں اس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
اس مرض سے متاثر ہونے کی متعدد وجوہات ہیں مگر موجودہ عہد میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا یا جسمانی سرگرمیوں سے دوری ایک اہم ترین وجہ ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چہل قدمی کو عادت بنا کر آپ اس مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے کینسر کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا کہ آپ روزانہ جتنے زیادہ قدم چلنا عادت بنائیں گے، کینسر کی 13 مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا کم ہو جائے گا۔
اس تحقیق میں 85 ہزار سے زائد افراد کو شامل کرکے ان کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ ایکٹیویٹی ٹریکرز کے ذریعے لیا گیا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 6 سال تک لیا گیا۔
نتائج میں دریافت ہوا کہ زیادہ قدم چلنے کا مطلب کینسر کا خطرہ کم کرنا ہے، چاہے آپ کے چلنے کی رفتار زیادہ یا کم ہی کیوں نہ ہو۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کم از کم 5 ہزار چلنے سے یہ خطرہ کم ہونا شروع ہوتا ہے، اس سے کم چلنے پر زیادہ تحفظ نہیں ملتا۔
اسی طرح روزانہ 7 ہزار قدم چلنے سے کینسر کی 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ 11 فیصد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ 9 ہزار قدم چلنے سے یہ خطرہ 16 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
البتہ 9 ہزار سے زائد قدم چلنے سے خطرے کی شرح میں کوئی خاص کمی نہیں آتی۔
اس سے قبل جولائی 2023 میں جرنل JAMA Oncology میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دن بھر میں چند منٹ کے لیے بھاگنا (جیسے بس پکڑنے کے لیے) سے کم از کم 13 اقسام کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 22 ہزار ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور ان کی روزانہ کی جسمانی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد دن بھر میں کم از کم 3 منٹ تک بہت تیزی سے حرکت کرتے ہیں، جیسے تیزی سے سیڑھیاں چڑھتے یا کسی جگہ بھاگتے ہیں، ان میں کینسر کی متعدد اقسام سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
2016 میں جرنل JAMA Internal Medicine میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ اگر مرد اور خواتین ورزش کو معمول بنا لیں تو مثانے اور معدے سمیت کینسر کی 13 عام اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
2022 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر لوگ ورزش کرنا شروع کر دیں تو امریکا میں کینسر کے 3 فیصد کیسز کی روک تھام ممکن ہے۔
2022 میں جرنل نیچر میڈیسن میں شائع ایک تحقیق میں دریافت ہوا کہ دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اگر روزانہ کم از کم 4 منٹ تک زیادہ تیزی سے چلنا شروع کر دیں تو کینسر یا کسی اور مرض سے موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
مگر اس تحقیق میں صرف کینسر سے موت پر توجہ مرکوز کی گئی تھی اور یہ نہیں دیکھا گیا تھا کہ اس سے کیسنر سے بچنے میں مدد ملتی ہے یا نہیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔