21 مئی ، 2025
دنیا میں بے شمار دولت مند لوگ ہیں لیکن تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن جیسی شاہی زندگی اور بے پناہ جائیداد و ملکیت کم لوگوں کے حصے میں آتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں دی بزنس اسٹینڈرڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن یا کنگ راما X دنیا کے امیر ترین بادشاہ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
بادشاہ مہا وجیرالونگ کے والد نے 70 سال تک بدھ سلطنت پر حکومت کی، وہ دنیا کے سب سے طویل عرصے تک بادشاہت کا تاج پہنے رکھنے والے بادشاہوں میں شامل تھے، ان کا انتقال 88 سال کی عمر میں 2016 میں ہو ا جس کے بعد وجیرالونگ کو مئی 2019 میں تاج پہنایا گیا تھا۔
کنگ وجیرالونگ کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 43 بلین امریکی ڈالر ہے، اس بے پناہ دولت کا بیشتر حصہ انہیں وراثت میں ملا ہے۔
کنگ وجیرا تھائی لینڈ بھر میں ہزاروں ایکڑ اراضی کے مالک ہیں جس میں صرف بنکاک میں موجود 17 ہزار سےزائدجائیدادیں ہیں، کنگ کے پاس 300 سے زیادہ لگژری کاریں ہیں جن میں مرسڈیز بینز، بی ایم ڈبلیو اور یہاں تک کہ اسٹریچڈ لیموزین کے ٹاپ ماڈلز بھی شامل ہیں۔
کنگ کی جائیداد کی فہرست یہی ختم نہیں ہوتی بلکہ ان کے پاس 38 پرائیویٹ جیٹ طیار ے اور سونے سے مزین 52 کشتیاں بھی ہیں جنہیں صرف شاہی تقریبات کے دوران استعمال کیا جاتا ہے۔
کنگ وجیرالونگ نے آسٹریلیا میں یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز سے ملٹری اسٹڈیز میں بیچلر زکی ڈگری حاصل کی ہے، وجیرالونگ نہ صرف علمی طور پر قابل شخصیت ہیں بلکہ ایک تربیت یافتہ پیشہ ور فوجی بھی ہیں، وہ ایک سرٹیفائیڈ فائٹر جیٹ اور ہیلی کاپٹر پائلٹ ہے، وہ رائل تھائی آرمی میں کل وقتی افسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، کنگ وجیرا لونگ اب تک 4 شادیاں کرچکے ہیں۔