Time 23 مئی ، 2025
انٹرٹینمنٹ

پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ماڈل زارا نے آخری فون کال میں والدہ سے کیا کہا تھا؟

پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ماڈل زارا نے آخری فون کال میں والدہ سے کیا کہا تھا؟
حادثے سے ایک روز پہلے ہماری آخری بار بات ہوئی تھی جس میں زارا نے مجھ سے کہا تھا کہ ماما، میں آ کر آپ کو سرپرائز دوں گی: والدہ /اسکرین گریب

پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی ماڈل زارا عابد کی والدہ نے بیٹی کو یاد کرتے ہوئے ان کی آخری فون کال کا تذکرہ کیا۔

 پاکستانی ماڈل زارا عابد 22 مئی 2020 کو حادثے کا شکار ہونے والی  پی آئی اے کی پرواز میں سوار تھیں، 28 سالہ ماڈل کی اچانک موت نے  جہاں  پاکستان شوبز انڈسٹری کو غمزدہ کیا وہیں ان کی والدہ سمیت اہل خانہ کی کفالت کا چراغ بھی ہمیشہ کیلئے  بجھادیا ۔

حال ہی میں نجی میڈیا کی جانب سے ماڈل زارا عابد کی والدہ تعظیم جمال کا انٹرویو کیا گیا جس میں انہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ بیٹی کے شوبز کیرئیر سمیت اس المناک حادثے کا ذکر بھی کیا جس نے ان کی بیٹی کو ہمیشہ کیلئے ان سے دور کردیا۔

زارا عابد کی والدہ کی گفتگو 

ماڈل زارا کی والدہ نے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’حادثے سے ایک روز پہلے ہماری آخری بار بات ہوئی تھی جس میں زارا نے مجھ سے کہا تھا کہ ماما، میں آکر آپ کو سرپرائز دوں گی لیکن نہیں جانتی تھی کہ وہ سرپرائز ہماری زندگی کا سب سے بڑا دکھ بن جائے گا، یہ سانحہ ہماری زندگی کا چراغ بجھا گیا۔‘

تعظیم جمال  نے  حادثے کے روز سے متعلق بتایا کہ  ’22 مئی کو  میں جمعہ کی نماز پڑھ رہی تھی جب 2 بجے کے دوران مجھے کال آئی اور کہا گیا کہ  ٹی وی دیکھیں ، میں نے ٹی وی دیکھا تو میرے ہاتھ پیر کانپنے لگ گئے، اس کے بعد بیٹے  کو کال کی تو اس نے بتایا کہ جس جگہ جہاز گرا ہے،  میں وہی کھڑا ہوں اور زارا کی لاش کی شناخت ہوچکی ہے، میرا دل زارا کی موت کی خبر ماننے کو تیار نہیں تھا  عید کے روز ہم نے زارا کی تدفین کی‘ ۔

 ماڈل زارا کی والدہ نے بتایاکہ  ’میرے پاس اس کی آخری وائس نوٹ ہیں جس میں اس نے مجھے برتھ ڈے وش کیا تھا، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ یہی کہیں ہو ، وہ ایک بہادر اور باہمت لڑکی تھی،  باپ کے انتقال کے بعد چھوٹی عمر میں اس نے گھر کی ساری ذمہ داریاں سنبھال لیں،  میرے لیے وہ صرف بیٹی نہیں، میرا بیٹا بھی تھی‘۔

مزید خبریں :