23 مئی ، 2025
گردے ہمارے جسم میں کسی واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔
واٹر فلٹر ان چیزوں کو پانی سے خارج کرتا ہے جو ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں اور ہمارے گردے بھی یہی کام کرتے ہیں۔
گردے خون کو فلٹر کرتے ہیں جس کے دوران زہریلے مواد اور اضافی سیال کو جسم سے خارج کرتے ہیں جبکہ پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر اجزا کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ گردے ایسے ہارمونز بھی بناتے ہیں جو بلڈ پریشر سے لے کر ہڈیوں کی مضبوطی کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، آسان الفاظ میں گردے بہت اہم ہوتے ہیں۔
ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد کو گردوں کے دائمی امراض کا سامنا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں سیال اور دیگر مواد جسم میں اکٹھا ہونے لگتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ آپ اچار اور دہی جیسی غذاؤں کا استعمال معمول بنا کر گردوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل رینل فیلیئر میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ معدے کی صحت گردوں کے امراض سے تحفظ کے لیے اہم ثابت ہوتی ہے۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ غذاؤں میں موجود بیکٹیریا کس حد تک گردوں کے دائمی امراض کے خطرے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
تحقیق کے لیے امریکا کے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزمیشن سروے کا 15 سال سے زائد عرصے کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
یہ مجموعی طور پر 12 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا تھا جن میں سے 2731 میں گردوں کے دائمی امراض کی تشخیص ہوئی تھی۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ صحت کے لیے مفید زندہ جرثوموں یا بیکٹیریا سے بھرپور غذاؤں کے استعمال یا ان سے دوری سے گردوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں شامل افراد کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ جو اس طرح کی غذاؤں سے دور رہنے والوں پر مشتمل تھا، دوسرا انہیں معتدل مقدار میں استعمال کرنے والوں کا تھا، تیسرا گروپ ایسی غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد پر مشتمل تھا جبکہ چوتھا گروپ ایسے فراد کا جو معتدل یا زیادہ مقدار میں ان غذاؤں کو استعمال کرتے تھے۔
تحقیق میں تو نہیں بتایا گیا کہ کن غذاوں کو مدنظر رکھا گیا مگر عموماً دہی، اچار یا پنیر وغیرہ کو صحت کے لیے مفید ایسے بیکٹیریا سے بھرپور مانا جاتا ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ان غذاؤں کے استعمال سے گردوں کے دائمی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے جب بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیق میں ثابت کیا گیا کہ زندہ جرثوموں سے بھرپور غذائیں گردوں کے امراض سے بچانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔